ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو کے رام نگر میں گئو رکھشا کے نام پر مویشی تاجر کا بہیمانہ قتل

بنگلورو کے رام نگر میں گئو رکھشا کے نام پر مویشی تاجر کا بہیمانہ قتل

Sun, 02 Apr 2023 16:01:45    S.O. News Service

 بنگلورو ،2 / اپریل (ایس او نیوز)  بنگلورو کے رام نگر ضلع میں گئو رکھشا کارکنان کے ذریعہ ادریس پاشاہ  نامی ایک مویشی تاجر کا بے رحمی سے قتل کرنے کی واردات سامنے آنے کےبعد علاقہ میں  حالات کشیدہ  ہوگئے۔   واردات میں پونیت کیریہلّی اور اس کے ساتھیوں کا ہاتھ ہونے کی بات سامنے آئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ پونیت پر کلیدی مجرم کے طور پر کیس درج کیا گیا ہے۔
    
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق رام نگر کے ستھنور میں جب مویشی تاجر ادریس پاشاہ کی لاش  پُر اسرار حالات میں ملی تو حالات کشیدہ ہوگئے ۔ مقتول کے گھر والوں نے لاش کو ساتھ میں رکھ کر احتجاجی مظاہرا کیا اور پونیت کیریہلّی کی قیادت والے گئو رکھشا گروہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ مقتول ادریس پاشاہ کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ پونیت نے ادریس پاشاہ کو رہا کرنے کے لئے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بصورت دیگر وہ ادریس کو قتل کر دے گا ۔ 
    
پولیس کے پاس درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق گئو رکھشا ٹولے نے ادریس پاشاہ کی مویشی والی گاڑی روکی ۔  ادریس نے انہیں بتایا کہ اس نے یہ جانور مقامی مارکیٹ سے خریدے ہیں  اور اس کے پاس دستاویزی ثبوت موجود ہے ۔ اس پر پونیت نے اسے گالیاں دیں اور پاکستان چلے جانے کو کہا ۔ پھر اس نے ادریس کا پیچھا کیا اور  اس پر حملہ کیا گیا جس سے اسے گہری چوٹیں آئیں جس کی وجہ سے وہ جان بحق ہوگیا ۔ 
    
ادریس پاشاہ کے گھر والے اور مقامی افراد جس مقام پر احتجاج کر رہے تھے وہاں پہنچ کر پولیس نے حالات کو قابو میں کیا اور گھر والوں کو تسلّی دیتے ہوئے انہیں لاش پوسٹ مارٹم کرنے کے لئے روانہ کرنے پر آمادہ کیا ۔ 
    
پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد اس پر کارروائی کرتے ہوئے آئی پی سی کی دفعات 302، 341، اور 504  کے تحت مقدمہ درج کیا  ہے۔

یاد رہے کہ کرناٹک میں اگلے ماہ اسمبلی انتخابات ہونے  ہیں اور شرپسند عناصر ماحول میں تناو پیدا کرنے کی کوششوں میں لگ گئے ہیں۔


Share: